یروشلم 17ستمبر(ایس او نیوز) فلسطین کے علاقے غزہ پٹی میں ڈیڑھ ماہ قبل ایک ریلی میں شرکت کے دوران اسرائیلی فوج کی گولیاں لگنے سے زخمی ہونے والا ایک فلسطینی بچہ آج شہید ہوگیا۔اطلاعات کے مطابق غزہ میں فلسطینی محکمہ صحت کے ترجمان اشرف القدرہ نے بتایا کہ 16 سالہ صہیب عبدالسلام ابو کاشف تین اگست 2018کو غزہ کی مشرقی سرحد پرحق واپسی کے لیے نکالی جانے والی ریلی میں شرکت کے دوران گولیاں لگنے سے زخمی ہوگیا تھا۔
خیال رہے کہ 30 مارچ 2018 سے غزہ پٹی کی مشرقی سرحد پر جاری تحریک حق واپسی کے دوران اسرائیلی فوج کی فائرنگ سے شہید ہونے والے فلسطینیوں کی تعداد 188 تک جا پہنچی ہے۔ ان میں سے 10 شہداءکے جسد خاکی اسرائیلی فوج کی تحویل میں ہیں۔ تیس مارچ سے غزہ کی مشرقی سرحد پر فلسطینیوں نے پانچ احتجاجی کیمپ لگا رکھے ہیں جہاں روزانہ بالخصوص ہر جمعہ کو فلسطینی اسرائیل کی قائم کردہ خود ساختہ سرحد کی طرف مارچ کرتے ہیں۔